لکی مروت میں شدت پسندوں اور مقامی قبیلہ کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ، کمانڈر سمیت 2 شدت پسند ہلاک

| شائع شدہ |17:07

خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت کی تحصیل نورنگ میں شدت پسندوں اور مقامی تختی خیل قبیلہ کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں شدت پسندوں کے کمانڈر فاتح سمیت دو شدت پسند ہلاک ہو گئے جبکہ ایک مقامی شہری زخمی ہوا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کمانڈر بلال اور کمانڈر مشکور کے گروہ سے تعلق رکھنے والے شدت پسندوں نے تختی خیل قوم کے چار نوجوانوں کو زبردستی گرفتار کر لیا۔ اس غیر قانونی اقدام کے خلاف تختی خیل قبیلہ کے افراد مشتعل ہو گئے اور بڑی تعداد میں اکٹھے ہو کر شدت پسندوں کے ٹھکانے پر حملہ کر دیا۔
جوابی کارروائی کرتے ہوئے شدت پسندوں نے بھی فائرنگ شروع کر دی۔ دونوں طرف سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں، تختی خیل قوم کے افراد کی فائرنگ سے شدت پسندوں کے کمانڈر فاتح سمیت دو شدت پسند مارے گئے۔ دوسری جانب، شدت پسندوں کی فائرنگ سے تختی خیل قوم کا ایک شخص زخمی بھی ہوا۔

مقامی انتظامیہ کی جانب سے اس واقعے کی مزید معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔ مقامی لوگوں میں اس واقعہ کے بعد خوف اور تشویش پائی جا رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں