اسحاق ڈار کی مارکیو روبیو سے ملاقات، امریکہ کے ساتھ معدنی معاہدہ جلد ہونے کا عندیہ

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے جمعہ کو امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، انسداد دہشت گردی میں تعاون اور علاقائی پیش رفت بشمول مئی میں بھارت اور پاکستان کے درمیان ہونے والے تصادم پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
یہ ملاقات امریکی محکمہ خارجہ میں ہوئی جہاں دونوں ممالک کے درمیان تین سالوں میں پہلی اعلیٰ سطحی بات چیت تھی اور اسے پاکستان-امریکہ تعلقات میں ایک بڑی پیش رفت سمجھا جا رہا ہے۔ اسی دوران، امریکہ نے الزبتھ ہورسٹ کو پاکستان میں قائم مقام سفیر مقرر کیا جو اسلام آباد کے ساتھ مضبوط تعلقات برقرار رکھنے کے عزم کا اشارہ ہے۔
مذاکرات کے دوران، دونوں رہنماؤں نے پاکستان-امریکہ شراکت داری کو مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، جس میں خاص طور پر اقتصادی تعلقات، ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور انسداد دہشت گردی کی کوششوں پر توجہ مرکوز کی گئی۔ مسٹر روبیو نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کیا اور علاقائی استحکام کو یقینی بنانے میں اس کے کردار کی تعریف کی ہے۔
مسٹر ڈار نے امریکی کاروباری اداروں کے لیے پاکستان کی ایک منافع بخش سرمایہ کاری کی منزل کے طور پر صلاحیت پر زور دیا خاص طور پر زراعت، توانائی، ٹیکنالوجی اور اہم معدنیات جیسے شعبوں میں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ معدنیات کے حصول کے حوالے سے ایک دوطرفہ معاہدہ تکمیل کے قریب ہے اور اسے چند دنوں میں حتمی شکل دی جا سکتی ہے۔
دونوں فریقوں نے مئی میں بھارت اور پاکستان کے درمیان فوجی کشیدگی کے دوران فائر بندی میں ثالثی میں اپنے تعاون کا بھی جائزہ لیا اور ایک ممکنہ جوہری محاذ آرائی کو ٹالنے کا سہرا امریکی سفارت کاری کو دیا۔ مسٹر ڈار نے جنوبی ایشیا میں امریکہ کی مسلسل شمولیت کا مطالبہ کیا، خاص طور پر کشمیر کے تنازع پر، تنازعات کے حل کے لیے ایک طریقہ کار کی وکالت کی ہے۔
اس کے علاوہ، بات چیت کثیرالجہتی تعاون تک بھی پھیلی، جس میں دونوں ممالک نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل جیسے فورمز میں قریبی تعاون پر اتفاق کیا ہے۔
اٹلانٹک کونسل میں ایک علیحدہ تقریب میں مسٹر ڈار نے بھارت کے ساتھ بات چیت کے ذریعے کشیدگی کو حل کرنے کے پاکستان کے موقف کا اعادہ کیا اور خطے میں امن کو فروغ دینے میں امریکی شمولیت کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔
دوسری طرف نئی قائم مقام امریکی سفیر الزبتھ ہورسٹ نے اسلام آباد میں اپنا چارج سنبھال لیا ہے۔ ایک تجربہ کار سفارت کار، محترمہ ہورسٹ نے پاکستان میں دوبارہ کام کرنے کے لیے اپنے جذبہ کا اظہار کیا جہاں انہوں نے دو دہائی قبل اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان گہرے ثقافتی اور عوامی تعلقات پر زور دیا جو جنوبی ایشیا کے لیے واشنگٹن کے وسیع تر عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں