وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ جعفر ایکسپریس حملے کے دہشت گردوں کو ہر صورت قانون کی گرفت میں لایا جائیگا چاہے ان کا پیچھا کسی دوسرے ملک میں جا کر بھی کرنا پڑے۔
حنیف عباسی نے بدھ کے روز پریس کانفرس میں بتایا کہ اب بلوچستان میں ہفتے میں دو دن کے بجائے 7 دن ٹرین چلے گی۔
انہوں نے اعلان کیا کہ جعفر ایکسپریس جمعرات کو پشاور سے کوئٹہ اور جمعہ کو کوئٹہ سے پشاور روانہ ہوگی۔اس موقع پر حنیف عباسی نے عید کے موقع پر کوئٹہ سے ایک اسپیشل عید ٹرین چلانے کا اعلان بھی کیا-
کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے جعفر ایکسپرس پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے معصوم جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج کا اظہار کیا۔ انہوں نے سیکیورٹی فورسز کی فوری کارروائی اور متعدد مسافروں کی جان بچانے کی کوششوں کو سراہا۔
اس سے قبل وفاقی وزیر حنیف عباسی نے کوئٹہ میں دہشت گردی سے متاثرہ جعفر ایکسپریس کا بھی معائنہ کیا-
11 مارچ کو جعفر ایکسپریس پر کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی حملے کے بعد جمعرات کو ٹرین کا سلسلہ بحال ہونے کا اعلان سامنے آیا ہے۔وفاقی وزیر کا یہ اعلان بلوچستان میں معمول کی زندگی اور رابطے کی بحالی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔