پاکستان اور افغانستان کے درمیان واقع طورخم بارڈر چوتھے دن بھی بداستور بند ہے جبکہ حکام کے درمیان مذاکرات کا دور کسی نتیجے کے بغیر ختم ہو گیا۔
اطلاعات کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے بارڈر حکام نے اس تعطل کا حل تلاش کرنے کے لیے پیر کو ملاقات کی جو بغیر کسی نتیجہ کے ختم ہو گئی۔
طورخم سرحد جمعہ کی رات سے بند ہے جب بارڈر فورسز کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی تھی۔
اطلاعات کے مطابق افغان حکام نے سرحد کے زیرو پوائنٹ میں ایک چیک پوسٹ کی تعمیر شروع کر دی تھی۔ جب پاکستانی حکام نے تعمیر روکنے کا مطالبہ کیا تو افغان فورسز نے اپنی پوزیشنیں سنبھال لیں تھی۔
پاکستان نے سیکورٹی ہائی الرٹ جاری کر دی اور بارڈر ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔ پاکستانی بارڈر حکام کو حفاظت کے پیش نظر لنڈی کوتل منتقل کر دیا گیا۔
بارڈر بند ہونے سے مسافروں اور تاجروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ بارڈر پار کرنے کا انتظار کرنے والے سینکڑوں افراد دونوں اطراف میں پھنسے ہوئے ہیں اور تجارتی نقل و حمل بند ہونے کی وجہ سے تاجروں کو کروڑوں کے نقصان کا خدشہ ہے۔