پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشان امتیاز (ملٹری)، ہلال جرات نے ہفتے کے روز قاہرہ میں الاتحادیہ صدارتی محل میں مصر کے صدر عزت مآب عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں معزز شخصیات نے دو طرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور اسلامی جمہوریہ پاکستان اور عرب جمہوریہ مصر کے درمیان دیرینہ دوستی کی تصدیق کی ہے۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے علاقائی امن و استحکام میں مصر کی قیادت کے کلیدی کردار کو سراہا، جبکہ صدر السیسی نے عالمی اور مسلم امہ کے لیے اہمیت کے حامل معاملات میں پاکستان کے مثبت اور فعال کردار کی تعریف کی۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی تزویراتی (سٹریٹیجک) مفادات اور عوامی رابطوں کو مضبوط بنانے کے لیے ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا۔
بیان میں مزید بتایا کہ ملاقات میں دوستانہ تعلقات کی مشترکہ تاریخ کو مزید تقویت دینے اور تمام شعبوں، بالخصوص سماجی، اقتصادی، ٹیکنالوجی اور سیکیورٹی معاملات میں تعاون کو مزید وسیع کرنے کے باہمی عزم کا اعتراف کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کا اختتام خوشگوار ماحول میں ہوا، جس میں دونوں فریقین نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اقتصادی اور سیکیورٹی ڈائیلاگ کو مضبوط بنانے سے پاکستان، مصر اور وسیع خطے میں امن، استحکام اور سلامتی میں نمایاں اضافہ ہوگا