کوہاٹ میں شہادت کا عظیم مرتبہ پانے والے پولیس افسر اور دو اہلکاروں کی نماز جنازہ اتوار کے روز پولیس لائنز کوہاٹ میں مکمل سرکاری اعزازات اور نہایت غمگین ماحول میں ادا کر دی گئی۔ شہید ہونے والوں میں ایس پی اسد زیبر، کانسٹیبل کفایت، اور کانسٹیبل عاطف شامل ہیں۔
نماز جنازہ میں اعلیٰ سول و فوجی حکام، سیاسی شخصیات اور عوام کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء میں انسپکٹر جنرل آف خیبر پختونخواہ زولفقار حمید، چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کیپٹن (ر) جواد قمر، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ کاشف عالم، کمشنر کوہاٹ معتصم باللہ، ڈی آئی جی کوہاٹ عباس مجید مروت، ڈی پی او کوہاٹ ڈاکٹر زاہد اللہ، ڈی پی او ہنگو خانزیب، ڈپٹی کمشنرز کوہاٹ و ہنگو، ایم این اے کوہاٹ شہریار، ایم این اے ہنگو یوسف خان، پاک فوج کے افسران و جوان، اور شہداء کے لواحقین شامل تھے۔
جنازے کے بعد، پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہداء کو آخری سلامی پیش کی، اور اعلیٰ حکام نے شہداء کے جسد خاکی پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔ یہ افسران اور اہلکار قوم کے ہیروز ہیں جنہوں نے فرض کی ادائیگی میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔
شہید ایس پی اسد زیبر کا تعلق ضلع کوہاٹ سے تھا جبکہ کانسٹیبل عاطف اور کانسٹیبل کفایت ضلع ہنگو کے رہائشی تھے۔ نماز جنازہ کے بعد ان کے جسد خاکی کو پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقوں کی جانب روانہ کر دیا گیا، جہاں انہیں سپرد خاک کیا جائے گا۔