باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز کا مؤثر آپریشن، 5 دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے ضلع باجوڑ میں ایک کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ یہ کارروائی تحصیل ماموند کے گاؤں بادن میں کی گئی جہاں دہشت گردوں کے چھپے ہونے کی مصدقہ اطلاعات تھیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ دہشت گرد علاقے میں ایک مسجد کے ایک حصے کو اپنے ٹھکانے اور پناہ گاہ کے طور پر استعمال کر رہے تھے۔ ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ان دہشت گردوں کا صفایا کیا اور علاقے کو مزید کسی بھی خطرے سے محفوظ بنایا۔

اس آپریشن سے قبل باجوڑ کے علاقے کے وڑہ ماموند میں سیکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان شدید لڑائی کی خبریں موصول ہوئی تھیں۔ مقامی رہائشیوں نے تصدیق کی تھی کہ بادنو کے علاقے میں فریقین کے درمیان سخت مقابلہ جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ تصادم سیکیورٹی فورسز اور کالعدم دہشت گرد تنظیم تحریک طالبان پاکستان  کے درمیان ہوا جس کے نتیجے میں سیکیورٹی فورسز نے اپنی کارروائی کامیابی سے مکمل کی۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔

سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں قیام امن اور دہشت گردوں کی باقیات کو ختم کرنے کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ جاری رہے گا۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں