دیر میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز کا دہشتگردوں کے خلاف آپریشن، 5 دہشت گرد ہلاک

| شائع شدہ |13:02

پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے ایک بڑے اور کامیاب مشترکہ آپریشن میں پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق یہ آپریشن ضلع اپر دیر کے علاقوں دوبندو، بریکوٹ، سلام کوٹ اور اٹنڈرہ میں اتوار کی صبح شروع کیا گیا۔ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے مختلف اطراف سے دہشت گردوں کا گھیراؤ کیا تاکہ ان علاقوں کو شدت پسندوں سے مکمل طور پر پاک کیا جا سکے۔
یہ آپریشن ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اپر دیر سید محمد بلال کی قیادت میں شروع کیا گیا جس میں سی ٹی ڈی، آر آر ایف اور ایلیٹ فورس کے دستے بھی شامل ہیں۔ آپریشن میں حصہ لینے والی اینٹی ٹیررسٹ سکواڈ کی ٹیمیں جدید ہتھیاروں اور ساز و سامان سے لیس ہیں۔ پولیس نے دہشت گردوں کی نقل و حمل کے راستوں پر اپنی چوکیات قائم کی ہیں اور اس پورے آپریشن کو ایک مربوط کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر سے مانیٹر کیا جا رہا ہے۔
علی الصبح شروع ہونے والے اس آپریشن کے دوران سلام کوٹ کے مقام پر دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے نتیجے میں پانچ دہشت گردوں کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں، جن میں سے ایک دہشت گرد کی لاش برآمد کر لی گئی ہے۔ باقی دہشت گردوں کی تلاش اور علاقے کو کلیئر کرنے کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
فائرنگ کے تبادلے میں ایک مقامی شخص شہید اور سات پولیس کانسٹیبلز معمولی زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ مقامی آبادی نے بھی اس آپریشن میں پولیس کا بھرپور ساتھ دیا اور سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا ہے۔
آئی جی پولیس ذوالفقار حمید نے جوانوں کے جذبے، دلیری اور بہادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے جوان وطن کی حفاظت کے لیے ہر دم تیار ہیں اور دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے ان کا عزم آہنی ہے۔ ہمیں اپنے جوانوں پر فخر ہے۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں