خیبر پختوانخواہ کے ضلع ہنگو کی تحصیل ٹل کے علاقے توراڑی میں گزشتہ رات نامعلوم دہشت گردوں نے فرنٹیئر کور (ایف س کی ایک پوسٹ پر حملہ کر دیا۔ پولیس کے مطابق، اس حملے میں 2 ایف سی اہلکار شہید جبکہ 17 زخمی ہوئے ہیں۔
مقامی زرائع کے مطابق پولیس تھانہ دوآبہ کے قریب پیش آنے والے اس حملے میں دہشت گردوں نے بھاری اور خودکار ہتھیاروں کا استعمال کیا۔ شہید ہونے والے اہلکاروں کی شناخت سپاہی عبدالغفار اور نائیک صدیق حسین کے نام سے ہوئی ہے۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر دوآبہ کے ایک قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ایس پی آپریشنز اسد زیبر کے مطابق، سیکیورٹی فورسز نے فوری جوابی کارروائی کی جس کے بعد حملہ آور فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔ فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے اور علاقے کو کلیئر کر دیا گیا ہے۔ دہشت گردوں کے جانی نقصان کے بارے میں فی الحال کوئی اطلاع نہیں ہے۔ حملے کی تحقیقات جاری ہیں۔