جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ایک لانگ مارچ آج مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کی قیادت میں کوئٹہ سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوگا۔ سینکڑوں گاڑیوں پر مشتمل قافلہ کوئٹہ میں جمع ہونا شروع ہو گیا ہے جس میں سینکڑوں شرکا سوار ہوں گے۔
جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر اور رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان نے روانگی سے قبل شرکا سے خطاب کیا۔ اس مارچ کا مقصد حکومت پر چھ اہم مطالبات تسلیم کروانے کے لیے دباؤ ڈالنا ہے۔
ان مطالبات میں لاپتہ افراد کے مسئلے کا حل، بدامنی اور بے روزگاری پر قابو پانا، وسائل کا تحفظ، ٹرالر مافیا کی سرپرستی کا خاتمہ اور چائنا پاکستان اقتصادی راہداری سے متعلق تحفظات کو دور کرنا شامل ہیں۔
جماعت اسلامی نے اعلان کیا ہے کہ ان کا ہدف اس مظاہرے کے لیے ایک لاکھ افراد کو اسلام آباد لانا ہے۔