کرک میں سول ملٹری مشران کا جرگہ، امن وامان یقینی بنانے کا فیصلہ

| شائع شدہ |13:01

خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں امن و امان کے حوالے سے ایک گرینڈ جرگہ منعقد ہوا ہے۔ پیر کے روز یہ جرگہ ڈسٹرکٹ سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا جس میں صوبائی اسمبلی کے اراکین قبائلی مشران، سینئر سول اور فوجی افسران، مقامی تنظیموں کے نمائندوں، وکلاء اور بلدیاتی اداروں کے نمائندوں سمیت کئی افراد نے شرکت کی۔ 

جرگے میں 9 ڈویژن کے جی او سی میجر جنرل ذوالفقار علی بھٹی کے علاوہ صوبائی وزیر برائے زراعت میجر سجاد برکوال، پی ٹی آئی ساؤتھ ریجن کے صدر ایم این اے شاہد خٹک، کوہاٹ کمشنر متعصم اللہ اور آر پی او عباس مجید بھی موجود تھے۔ 

جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے میجر جنرل ذوالفقار علی بھٹی نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ امن قائم کرنا ایک مشترکہ ایجنڈا ہے اور جو بھی ریاست کی حکمرانی کو چیلنج کرے گا اور امن کو خراب کرے گا وہ ہمارا مشترکہ دشمن سمجھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ "اچھے” اور "برے” طالبان میں فرق اب ماضی کی بات ہو چکی ہے۔ 

میجر جنرل بھٹی نے غیر روایتی جنگ کی مشکلات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ عام جنگ سے زیادہ طویل اور مشکل ہوتی ہے۔ انہوں نے اس قسم کی جنگ میں عوامی حمایت کے اہم کردار پر زور دیا اور کہا کہ کرک اور آس پاس کے علاقوں میں بڑے پیمانے پر فوجی آپریشنز کی ضرورت نہیں ہے۔ 

انہوں نے جرگے کو یقین دلایا کہ فوج جہاں بھی عوام کو ان کی خدمات کی ضرورت ہوگی وہاں موجود رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حتمی مقصد دہشت گردی کو مکمل طور پر ختم کرنا ہے۔ 

اس سے قبل 10 فروری کو منعقد ہونے والے ایک جرگے میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ عسکریت پسند علاقہ چھوڑ دیں ورنہ قبائلی لشکر ان کے خلاف آپریشن شروع کر دے گی۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں