سوات میں دھماکہ، معروف سیاسی و سماجی شخصیت شدید زخمی

خیبر پختوںخوا کے ضلع سوات کے تحصیل کبل کی حدود ڈڈھڑہ میں ایک مقامی سیاسی و سماجی شخصیت کونسلر شاہ وزیر خان ولد ملک سرباز خان (عمر 60 سال) ایک نامعلوم دھماکہ خیز مواد کے پھٹنے سے شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ یہ واقعہ جمعہ کے روز کو تقریباً 12:00 بجے پیش آیا۔

مقامی ذرائع کے مطابق دھماکے کی اطلاع فوری طور پر تھانہ کبل اور ریسکیو 1122 سوات کو دی گئی۔ ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر رفیع اللہ مروت کی ہدایت پر میڈیکل ٹیم فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچی۔ ٹیم نے شاہ وزیر خان کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور انہیں مزید علاج کے لیے سوزوکی پک اپ کے ذریعے سول ہسپتال کبل منتقل کیا۔ زخمی کونسلر کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او حیات خان پولیس نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے اور معائنہ کر کے شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ دھماکہ کسی بچے ہوئے دھماکہ خیز مواد یا تخریبی کارروائی کا نتیجہ ہو سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق پولیس نے علاقے کو محفوظ کر لیا ہے اور فارنزک ٹیم کو طلب کر لیا گیا ہے۔ تاہم، ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں