خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو کے علاقے بلیامینہ میں یکے بعد دیگرے ہونے والے دو ہولناک دھماکوں نے پورے شہر کو سوگوار کر دیا۔ ان دھماکوں کے نتیجے میں ایس پی آپریشن ہنگو اسد زبیر، ان کے گن مین داؤد اور ڈرائیور عاطف سمیت تین پولیس اہلکار موقع پر شہید ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پہلا دھماکہ بلیامینہ پولیس اسٹیشن کے قریب ہوا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس پی آپریشن اسد زبیر صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے فوراً جائے وقوعہ پر پہنچے۔ اسی دوران ایک دوسرا شدید دھماکہ ان کی گاڑی کے قریب ہوا جس سے ایس پی اسد زبیر اور ان کے دیگر دو ساتھیوں نے جامِ شہادت نوش کیا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق ان دھماکوں میں دو دیگر پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال ہنگو منتقل کر دیا گیا ہے۔
پہلے دھماکے میں غلمینہ چیک پوسٹ کے قریب ایک کمرہ تباہ ہوا تھا، تاہم وہاں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔
واقعے کے فوری بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ شہر بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔