ڈیرہ اسماعیل خان: کلاچی سے موبائل ٹاورز سپلائرز سمیت 4 افراد اغوا، پولیس کا سرچ آپریشن شروع

خیبر پختوںخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی شورش زدہ تحصیل کلاچی میں ایک بڑا سیکیورٹی واقعہ پیش آیا ہے جہاں نامعلوم مسلح افراد نے موبائل فون ٹاورز کو ڈیزل فراہم کرنے کے بعد واپس آنے والے چار افراد کو اغوا کر لیا اور ان کی کار بھی اپنے ساتھ لے گئے۔

تفصیلات کے مطابق اغوا کیے جانے والے افراد کی شناخت واجد، عرفان، وقار اور عمران کے ناموں سے ہوئی ہے۔ یہ چاروں افراد موبائل فون ٹاورز کو ڈیزل کی سپلائی دینے کے بعد واپس آرہے تھے کہ کلاچی کے نواحی علاقے میں نامعلوم مسلح افراد نے انہیں روک کر اغوا کر لیا۔ اغوا کار ان کی گاڑی بھی لے گئے ہیں۔

تاحال مغویوں کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں مل سکی ہے اور نہ ہی کسی تنظیم یا گروہ نے اس واقعہ کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

پولیس کا کلاچی سرکل میں بڑا سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن

دوسری جانب اس واقعہ کے فوری بعد ڈیرہ اسماعیل خان پولیس نے ایس پی صدر ڈویژن محمد نواب خان کی زیر قیادت کلاچی سرکل میں بڑے پیمانے پر سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن شروع کر دیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ سجاد احمد صاحبزادہ کی ہدایت پر کیے جانے والے اس آپریشن میں ایس ڈی پی او کلاچی اسلم خان بلوچ، ایس ایچ او بشیر احمد اور دیگر پولیس نفری شامل تھی۔ پولیس نے تھانہ کلاچی اور تھانہ ہتھالہ کے مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر اور اشتہاری مجرمان کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے۔

سرچ آپریشن کے دوران پولیس نے 10 کے قریب مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا جبکہ درجنوں گھروں کو چیک اینڈ کلیئر کیا گیا۔ ڈیرہ اسماعیل خان پولیس کے ترجمان کے مطابق آپریشن کا مقصد علاقے میں امن و امان قائم کرنا اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کرنا ہے

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں