افغان مہاجرین کی باعزت واپسی دونوں ممالک کے مفاد میں ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ افغان مہاجرین کی باعزت واپسی دونوں ممالک کے بہتر مفاد میں ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار کوئٹہ میں افغانستان کے قائمقام قونصل جنرل مولوی محمد حبیب ناصر سے ملاقات کے دوران کیا۔

ملاقات میں بلوچستان سے افغان مہاجرین کے انخلاء اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ صوبائی حکومت غیر ملکیوں کے انخلاء سے متعلق قومی پالیسی پر عملدرآمد کر رہی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ واپس جانے والے افغان مہاجرین کو حکومت کی جانب سے مکمل معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔

وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہماری روایات انسانی ہمدردی اور احترام پر مبنی ہیں اور افغان خواتین کو اپنی ماؤں اور بہنوں کی مانند سمجھتے ہیں۔ انہوں نے انتظامی افسران کو واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ انخلاء کے عمل کے دوران ضعیف العمر افراد، خواتین اور بچوں کو کسی قسم کی تکلیف نہ پہنچے۔ اس مقصد کے لیے حکومت بلوچستان نے ایک سینئر افسر کو رابطہ کار بھی مقرر کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مہاجرین کی واپسی کا عمل تدریجی اور باعزت طریقے سے مکمل کیا جائے گا، اور بلوچستان حکومت انسانی ہمدردی کے جذبے کے تحت تمام ضروری سہولیات فراہم کر رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں