آئی جی خیبر پختونخوا کی پولیس کی تنخواہیں بڑھانے کی تجاویز

| شائع شدہ |15:44

خیبرپختونخوا پولیس کی تنخواہیں دیگر صوبوں کے برابر لانے سے متعلق خیبر پختونخوا کے آئی جی نے وزیر اعلی علی امین گنڈاپور کو خط لکھا ہے۔ خط میں آئی جی ذولفقار حمید نے وزیر اعلی سے خیبر پختونخوا کو ہارڈ ایریا قراردینے کا مطالبہ کیا ہے۔

آئی جی نے خیبر پختونخوا کو بھی ہارڈ ایریا قرار دے کر پولیس کی تنخواہیں بلوچستان پولیس کے برابر کرنے کی درخواست کی ہے۔

خط کے متن میں بتایا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان اندرونی اور سرحدی دہشت گردی کے خطرات کا سامنا کر رہے ہیں جس سے وہاں پولیسنگ مشکل ہو رہی ہے۔

انہوں نے خط میں بتایا ہے کہ بلوچستان کی طرح خیبر پختونخوا میں پولیسنگ چیلنجنگ ہے۔

 خط کے متن میں بتایا گیا کہ ہارڈ ایریا کی وجہ سے بلوچستان میں پولیس افسران اور اہلکاروں کو زیادہ مالی مراعات دی جاتی ہیں جو خیبر پختونخوا میں بھی لاگو ہونی چاہیے۔

ائی جی نے خط میں لکھا  ہے کہ خیبر پختونخوا پولیس زیادہ قربانیاں دےرہی ہے مگر انہیں دیگر صوبوں کے مقابلے میں کم تنخواہیں ملتی ہے۔جس سے پولیس میں بے چینی اور عدم اطمینان پیدا ہو رہا ہے۔

آئی جی کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا پولیس کی بہادری اور دہشت گردوں کے خلاف جنگ اسے بہترین فورس بناتی ہے۔

آئی جی نے بتایا ہے کہ اس فیصلے سے کل سالانہ مالی بوجھ 21 کروڑ،19 لاکھ  روپےہوگا۔

یاد رہے کہ منگل کے روز وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت پولیس سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، محکمہ خزانہ اور پولیس کے اعلی حکام نے شرکت کی تھی۔ اجلاس میں صوبے میں پولیس کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے تھے۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں