کرم میں پائیدار امن کی کوششیں تیز: پاک فوج کا مقامی مشران سے اہم جرگہ، مکمل تعاون کی یقین دہانی

مرکزی کرم ضلع میں پائیدار امن کے قیام اور شدت پسند عناصر کی روک تھام کے لیے پاک فوج کی جانب سے مقامی مشران کے ساتھ اہم جرگے منعقد کیے گئے۔ ان جرگوں میں مقامی اعلیٰ فوجی حکام نے سیکیورٹی کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی اور مقامی عمائدین نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کرم کے علاقے غاخی پاس میں پاک فوج کے اعلیٰ حکام نے اہلِ تشیع کے گودر علاقے سے تعلق رکھنے والے مشران کے ساتھ ایک اہم جرگہ منعقد کیا۔

مقامی ذرائع کے مطابق بریگیڈ کمانڈر نے واضح پیغام دیا کہ کسی بھی صورت میں شدت پسندوں کو علاقے میں داخل ہونے یا سہولت فراہم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

مقامی عمائدین نے علاقے میں امن و امان کے قیام کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

مناتو میں بھتہ خوری کی کوشش پر ہنگامی جرگہ

اسی سلسلے میں تحصیل مناتو کے علاقے مزرینہ میں عسکری حکام اور زنگی، تندوری اور شغی گاؤں کے مشران پر مشتمل ایک ہنگامی جرگہ بدھ کے روز کو منعقد ہوا۔

مقامی ذرائع نے بتایا کہ یہ جرگہ کالعدم تنظیم کی بھتہ خوری کی کوشش اور ایک کنٹریکٹر کی گاڑی و ٹریکٹر کی غیر قانونی ضبطی کے واقعے کے بعد بلایا گیا تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ عسکری حکام نے مشران کو سختی سے ہدایت کی کہ کسی بھی صورت میں کالعدم عناصر کو پناہ، خوراک یا نقل و حرکت کی سہولت نہ دی جائے۔ مشران کو گاؤں کی سطح پر جرگے منعقد کر کے عوام کو عدم تعاون کی پالیسی سے آگاہ کرنے کی بھی تاکید کی گئی۔

اس موقع پر مشران نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون کا عزم ظاہر کیا اور مطالبہ کیا کہ کنٹریکٹر کی گاڑیاں واپس دلوانے کے لیے کردار ادا کیا جائے۔

ان اقدامات سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاک فوج اور مقامی مشران مرکزی کرم میں دیرپا امن کے لیے مل کر کام کرنے کے لیے پُرعزم ہیں تاکہ شدت پسند عناصر کی کارروائیوں کو مکمل طور پر روکا جا سکے۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں