خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ کے تحصیل خار میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے نائب صدر ملک میر اعظم خان کے قتل کے خلاف باجوڑ میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس احتجاج میں مختلف سیاسی جماعتوں، جن میں جماعت اسلامی، جمعیت علمائے اسلام، پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے کارکنان اور عہدیداران بھی شامل تھے۔
مظاہرین نے باجوڑ پریس کلب سے خار بازار چوک تک مارچ کیا۔ اس مارچ کے دوران شرکاء نے دو روز قبل قتل کیے جانے والے ملک میر اعظم خان کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں اور قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے "ہم امن چاہتے ہیں، قاتلوں جواب دو، خون کا حساب دو” جیسے نعرے لگائے۔
مظاہرین نے اس واقعے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ امن و امان کی خراب صورتحال علاقے کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس واقعے کا نوٹس لے اور فوری طور پر قاتلوں کو گرفتار کر کے انہیں انصاف کے کٹہرے میں لائے تاکہ علاقے میں امن قائم ہو سکے۔ مظاہرین نے اعلان کیا کہ اگر ان کے مطالبات نہ مانے گئے تو وہ اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔