آئی ایم ایف وفد کی وزیراعظم سے ملاقات، نئے مالی سال کے بجٹ پر تبادلہ خیال

| شائع شدہ |17:38

وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کے جاری اقتصادی اصلاحاتی ایجنڈے کا جائزہ لینے کے لیے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے وفد سے ملاقات کی ہے۔

جمعرات کے روز وزیراعظم  کی ملاقات آئی ایم ایف کے مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا ڈپارٹمنٹ (ایم سی ڈی) کے ڈائریکٹر جہاد ازور کی قیادت میں ہوئی ہے۔

وفاقی وزراء احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، سیکرٹری خزانہ امداد اللہ بوسال، چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) راشد محمود لنگڑیال سمیت دیگر متعلقہ سینئر حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی ہے۔

وزیراعظم ہاؤس کے بیان کے مطابق دونوں فریقین نے پاکستان میں جاری آئی ایم ایف پروگرام کی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ حکومت کی جانب سے اصلاحات کے نفاذ اور اب تک حاصل ہونے والے مثبت نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس دوران کہا کہ اللہ کے فضل سے پاکستان اقتصادی استحکام کے بعد ترقی کی جانب گامزن ہے۔

وزیراعظم نے اپنی حکومت کے ادارہ جاتی اصلاحات کے ساتھ ساتھ میکرو اکنامک سطح پر اصلاحات کو تیز کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

وزیراعظم ہاوس نے بتایا کہ آئی ایم ایف کے وفد نے پاکستان کی اصلاحات، اقتصادی استحکام اور ترقی کے حمایت کا بھی اظہار کیا ہے۔

مارچ میں، آئی ایم ایف کے عملے نے پاکستان کے ساتھ 1.3 بلین ڈالر کے نئے انتظامات کے لیے ایک معاہدہ کیا اور جاری 37 ماہ کے بیل آؤٹ پروگرام کے پہلے جائزے پر بھی اتفاق کیا ہے۔

سال جولائی 2024 میں پاکستانی حکام اور آئی ایم ایف کے درمیان توسیعی فنڈ سہولت (EFF) پر عملدرآمد ایک معاہدہ طے پایا جس کی رقم تقریباً 7 بلین امریکی ڈالر تھی، جسے ستمبر کے آخری ہفتے میں آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے منظوری دے دی۔

Author

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں