وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف منگل کو دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کے لیے ترکیہ کے سرکاری دورے پر روانہ ہو گئے۔
وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس دورے کے دوران وزیراعظم ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات پر تفصیلی بات چیت کریں گے اور خطے اور اس سے باہر کی حالیہ پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان اور ترکیہ باقاعدگی سے اعلیٰ سطحی تبادلوں کا اہتمام کرتے ہیں جو ‘دونوں قوموں کے درمیان بھائی چارے کے غیر معمولی بندھن کی عکاسی کرتا ہے۔
پاکستان اور ترکیہ نے دو طرفہ تعاون کو بہتر بنانے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک تعاون کونسل قائم کی ہے۔
صدر اردوان نے رواں سال فروری میں اسلام آباد کا دورہ کیا تھا، جہاں انہوں نے ایچ ایل ایس سی سی کے ساتویں اجلاس کی مشترکہ صدارت کی تھی۔ ان کے دورے کے دوران دونوں ممالک کے نمائندوں نے تجارت کے حجم کو 5 بلین ڈالر تک لے جانے کے لیے 24 مفاہمت کی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے تھے۔ 2024 میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت 1.4 بلین ڈالر تک پہنچ گئی۔
وزارت خارجہ نے کہا کہ آئندہ ملاقات اس مضبوط مکالمے کے تسلسل کی نمائندگی کرتی ہے اور پاکستان اور ترکیہ کے درمیان کثیر الجہتی شراکت داری کو مزید بلند کرنے کے مشترکہ عزم کو اجاگر کرتی ہے۔