فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے بلوچستان میں تعینات کسٹمز حکام کو افغان اشیاء کی غیر قانونی ترسیل روکنے کے لیے نگرانی کا عمل انتہائی سخت کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ ایف بی آر کے کسٹمز ونگ کی جانب سے یہ اہم ہدایت چیف کلکٹر آف کسٹمز اپریزمنٹ بلوچستان، کوئٹہ کو ارسال کردہ ایک مراسلے میں دی گئی ہے جس کا عنوان "افغان نژاد اشیاء کی درآمد” ہے۔
مراسلے میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ چونکہ افغانستان کے ساتھ مرکزی سرحدیں بند ہیں، لہٰذا اس صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مجرمانہ عناصر غیر مجاز زمینی راستوں اور چور راستوں سے افغان اشیاء پاکستان میں سمگل کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔
ایف بی آر نے کسٹمز حکام کو پابند کیا ہے کہ وہ اپنی تمام فارمیشنز کو اس حوالے سے حساس بنائیں اور نگرانی کا نظام اتنا مؤثر بنائیں کہ غیر قانونی راستوں سے اشیاء لانے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جا سکے۔ حکام کی جانب سے اس اقدام کا مقصد سرحدوں کی بندش کے دوران سمگلنگ کی ممکنہ سرگرمیوں کا مکمل سدباب کرنا ہے۔