خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں کے علاقے ڈومیل میں سی ٹی ڈی اور سیکیورٹی فورسز کے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 5 عسکریت پسند ہلاک ہو گئے، جبکہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے 2 مقامی شہری بھی شہید ہوئے۔
سی ٹی ڈی حکام کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق واقعے کا آغاز اس وقت ہوا جب ڈومیل کے ہلال چوک میں موجود عسکریت پسندوں نے سی ٹی ڈی کی گاڑی پر اچانک فائرنگ کر دی۔ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی پر حملہ آور فرار ہو کر قریبی آبادی میں داخل ہو گئے اور وہاں ایک گھر میں پناہ لے لی۔
ذرائع کے مطابق جس گھر میں عسکریت پسندوں نے پناہ لی، وہاں کے مکینوں نے مزاحمت کی کوشش کی جس پر دہشت گردوں نے فائرنگ کر کے دو مقامی افراد کو شہید کر دیے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی سی ٹی ڈی، پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ تقریباً 8 گھنٹے تک جاری رہنے والے اس طویل مشترکہ کلیئرنس آپریشن کے بعد فورسز نے گھر میں موجود پانچوں عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک ہونے والے عسکریت پسندوں میں سے ایک کی شناخت ’رسول عرف کمانڈر اریانہ‘ کے نام سے ہوئی ہے جو کہ ایک اہم کمانڈر بتایا جاتا ہے۔ مارے گئے دیگر 4 دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
آپریشن کے اختتام پر جائے وقوعہ سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد کیا گیا ہے۔ علاقے میں سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور سرچ آپریشن جاری ہے۔