ایک بڑی سمندری انسدادِ منشیات کی کارروائی میں پاکستان نیوی کے جہاز (PNS) یرموک جو سعودی عرب کی زیرِ قیادت کمبائنڈ میری ٹائم فورسز (CMF) کے کمبائنڈ ٹاسک فورس (CTF) 150 کے تحت کام کر رہا تھا، نے فوکسڈ آپریشن "ال مسمک” کے دوران بحیرہ عرب میں $972 ملین (تقریباً 97 کروڑ 20 لاکھ امریکی ڈالر) سے زیادہ مالیت کی منشیات ضبط کر کے ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔
پچھلے 48 گھنٹوں کے دوران پی این ایس یرموک نے دو مشکوک غیر نشان زدہ اور بغیر قومیت کی مقامی کشتیوں (Dhows) کو روکا اور ان پر کارروائی کی۔
پہلا آپریشن 18 اکتوبر کو کیا گیا جس کے نتیجے میں دو ٹن سے زائد کرسٹل میتھمفیٹامین (آئس) برآمد ہوئی، جس کی مالیت $822 ملین ہے۔
دوسرے آپریشن میں 350 کلو گرام ‘آئس’ پکڑی گئی، جس کی مالیت $140 ملین تھی جبکہ 50 کلو گرام کوکین بھی ضبط کی گئی جس کی قیمت $10 ملین بتائی گئی ہے۔
تمام ضبط شدہ منشیات کا ٹیسٹ کیا گیا اور بعد ازاں انہیں بحفاظت سمندر میں ٹھکانے لگا دیا گیا۔
CTF 150 کے کمانڈر رائل سعودی نیول فورسز کے کموڈور فہد الجوئد نے اس کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا:
"PNS یرموک نے CMF کے لیے منشیات کی سب سے کامیاب ضبطیوں میں سے ایک کی ہے— یہ ہماری کثیر القومی بحری افواج کی مہارت اور تعاون کا منہ بولتا ثبوت ہے۔”
16 اکتوبر کو شروع کیا گیا آپریشن "ال مسمک” علاقائی سلامتی اور سمندری تحفظ کو بڑھانے کے لیے سعودی، پاکستانی، فرانسیسی، ہسپانوی اور امریکی بحری اثاثوں کے درمیان غیر معمولی ہم آہنگی کا مظاہرہ ہے۔
CTF 150 انڈین اوشن، بحیرہ عرب اور خلیج عمان میں ہتھیاروں، منشیات اور دیگر غیر قانونی اشیاء کی سمگلنگ کو روکنے اور انہیں ناکام بنانے کے اپنے مشن کو جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ دنیا کے سب سے اہم سمندری راستوں میں سے ایک کو محفوظ بنایا جا سکے۔