خیبر پختونخواہ کے ضلع جنوبی وزیرستان لوئر میں سیکیورٹی فورسز نے ایک کامیاب کارروائی کرتے ہوئے تحصیل برمل کے علاقے میں واقع اہم اعظم ورسک روڈ کو شدت پسندوں سے پاک کر دیا ہے۔ مذکورہ سڑک کئی ہفتوں سے شدت پسندوں کے قبضے میں تھی جنہوں نے راستے میں مٹی کے بند اور بارودی مواد نصب کر رکھے تھے، جس کے باعث علاقہ خالی تھا اور مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔
اس صورتحال کے پیش نظر مقامی زمیندار اور کسان اپنی روزمرہ کی زندگی گزارنے میں بے حد مشکلات کا شکار تھے، اور علاقے میں آمد و رفت تقریباً مکمل طور پر معطل ہو چکی تھی۔ سیکیورٹی فورسز نے کرمزی اسٹاپ پر ایک ٹارگٹڈ آپریشن کیا اور علاقے کا کنٹرول حاصل کرنے کے بعد فوری طور پر وہاں ایک حفاظتی پوسٹ قائم کر دی۔
آپریشن کی کامیابی کے بعد، سڑک کی مرمت اور مٹی کی بھرائی کا کام فوری طور پر شروع کیا گیا اور تکمیل کے بعد اسے ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔ اس اقدام سے علاقہ مکینوں میں خوشی اور اطمینان کی لہر دوڑ گئی ہے، جنہوں نے پاک فوج کے اس اقدام کو سراہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شدت پسندی نے ان کی زندگی کو اجیرن بنا دیا تھا اور یہ کسی بھی طرح اسلامی تعلیمات کے مطابق نہیں ہے۔
مقامی لوگوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے ذریعے ان مسائل کا کوئی پائیدار حل نکالیں اور قبائلی اضلاع کی معاشی و سماجی ترقی پر بھی خصوصی توجہ دیں۔