پاکستان کے خصوصی نمائندے کی کابل میں طالبان رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں

| شائع شدہ |17:46

افغانستان کی عبوری حکومت کے وزیر خارجہ نے کابل میں پاکستان کے خصوصی نمائندے محمد صادق خان کی قیادت میں وفد سے ملاقات کی۔

افغانستان کی وزارت خارجہ نے بیان میں کہا کہ دونوں فریقین نے دوطرفہ تعلقات، سیاسی و اقتصادی معاملات اور دونوں ممالک کے درمیان ٹرانزٹ کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ امیر خان متقی نے زور دے کر کہا کہ ٹرانزٹ اور تجارت کے شعبوں میں رکاوٹیں کسی کے لیے فائدہ مند نہیں ہیں۔ وزیر خارجہ نے افغان پناہ گزیںوں کی افغانستان میں مرحلہ وار اور باعزت واپسی پر بھی زور دیا۔

بیان کے مطابق پاکستان کے خصوصی نمائندے محمد صادق خان نے زور دے کر کہا کہ افغانستان میں سلامتی پاکستان اور پورے خطے کے لیے اہم ہے اور انہوں نے عہد کیا کہ پاکستان افغان عوام کو ویزا اور تجارت میں سہولیات فراہم کرنے کے لیے مزید اقدامات کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ افغانستان کے ساتھ تجارت اور ٹرانزٹ کے حوالے سے درپیش چیلنجوں کو حل کرنے کے لیے عملی اقدامات کریں گے۔

بیان میں کہا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان مسائل کو حل کرنے کے لیے ایسی ملاقاتوں اور دوروں کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں