پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بیجنگ میں افغان عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ملاقات کی جہاں انہوں نے دوطرفہ اور علاقائی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ایک بیان کے مطابق دونوں نے نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ کے حالیہ دورہ کابل کو یاد کیا اور دوطرفہ تعلقات میں مثبت جانب پیش رفت کا خیرمقدم کیا، جس میں سفارتی تعلقات میں اضافہ، تجارت اور ٹرانزٹ کی سہولت شامل ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ انہوں نے تجارت، ٹرانزٹ، رابطے اور سلامتی کے شعبوں سمیت باہمی مفادات کو آگے بڑھانے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ ملاقات ڈار کے بیجنگ کے تین روزہ دورے کے کئی دیگر ملاقاتوں کے بعد ہوئی ہے، جس میں چینی وزیر خارجہ وانگ یی سے ملاقات بھی شامل ہے۔
یاد رہے کہ یہ دورہ بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کے بعد ہوا ہے۔ بھارتی میزائل اور ڈرون حملوں کے جواب میں پاکستان نے کم از کم چھ بھارتی طیارے مار گرائے تھے اور بھارت میں 26 فوجی اہداف کو نشانہ بنایا تھا۔