بھارتی ایجنٹ بلوچستان میں دہشت گردی پھیلا رہے ہیں، خضدار حملے کے بعد آئی ایس پی آر کا رد عمل

| شائع شدہ |12:49

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے تصدیق کی ہے کہ خضدار میں ایک سکول بس پر حملے میں کم از کم تین بچے اور دو بالغ افراد اپنی جانیں گنوا بیٹھے ہیں۔ آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ میدان جنگ میں بری طرح ناکامی کے بعد ‘بھارتی ایجنٹوں’ کو بے لگام کر دیا گیا ہے۔

 ائی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشت گرد ریاست، بھارت کی جانب سے منصوبہ بندی اور سرپرستی میں ہونے والے ایک اور بزدلانہ اور ہولناک حملے میں ضلع خضدار میں معصوم سکول جانے والے بچوں کی بس کو نشانہ بنایا گیا جو بلوچستان میں بھارتی ایجنٹوں نے انجام دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میدان جنگ میں بری طرح ناکامی کے بعد اس طرح کے انتہائی گھناؤنے اور بزدلانہ اقدامات کے ذریعے، بھارتی ایجنٹوں کو بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشت اور بے امنی پھیلانے کے لیے بے لگام کر دیا گیا ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق تین معصوم بچے اور دو بالغ افراد شہید ہو چکے ہیں اور متعدد بچے زخمی ہوئے ہیں۔

آپریشن بنیان مرصوص میں ناکامی اور فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہاتھوں شکار ہونے کے بعد ان بھارتی دہشت گرد ایجنٹوں کو بھارت ایک ریاستی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے تاکہ پاکستان میں معصوم بچوں اور شہریوں جیسے نرم اہداف کے خلاف دہشت گردی کو فروغ دیا جا سکے ۔

ائی ایس پی آر نے کہا کہ بھارتی سیاسی حکومت کی جانب سے دہشت گردی کو ریاستی پالیسی کے طور پر استعمال کرنا قابل نفرت اور ان کی پست اخلاقیات اور بنیادی انسانی اقدار کی نفی کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ اس بزدلانہ بھارتی سرپرستی والے حملے کے منصوبہ سازوں، مددگاروں اور عملدرآمد کرنے والوں کو ڈھونڈ کر انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور بھارت کا گھناؤنا چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا۔

 ائی ایس پی آر نے کہا کہ پاک فوج، بہادر پاکستانی قوم کی حمایت سے، پاکستان سے بھارتی سرپرستی والی دہشت گردی کو اس کی تمام صورتوں میں جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے متحد کھڑی ہے۔

Author

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں