متحدہ عرب امارات کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان اتوار کو دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔
اپنے دورے کے دوران شیخ عبداللہ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کریں گے۔ وہ اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کریں گے۔
وزارت خارجہ نے اس دورہ کے حوالے سے بیان میں کہا کہ یہ اعلیٰ سطحی دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان گہرے، برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کو اجاگر کرتا ہے۔
وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ شیخ عبداللہ اور اسحاق ڈار کے درمیان بات چیت میں دو طرفہ تعلقات کے پورے دائرہ کار کا احاطہ کیا جائے گا، جس میں خاص طور پر تجارت اور سرمایہ کاری، توانائی کے تعاون، علاقائی سلامتی اور عوام سے عوام کے روابط کا جائزہ لیا جائے گا۔
متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ علاقے میں امن اور خوشحالی کے وژن پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
وزارت خارجہ نے کہا کہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان کا دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا اور دونوں ممالک کے عوام کے فائدے کے لیے مختلف شعبوں میں دو طرفہ روابط کو گہرا کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔
یاد رہے کہ النہیان نے آخری بار اس سال فروری میں ڈار سے ملاقات کی تھی۔ دونوں ممالک کی معیشت سمیت متعدد شعبوں میں تعاون کی ایک طویل تاریخ ہے۔