پاکستان اور یورپی یونین نے 20 فروری 2025 کو بیلجیئم کے شہر برسلز میں منعقدہ نویں کاؤنٹر ٹیررازم ڈائیلاگ کے دوران دہشت گردی کے خلاف جنگ کے عزم کی تجدید کی ہے۔ یہ ڈائیلاگ 2019 کے اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان میں بیان کردہ وسیع تر سیکیورٹی تعاون کا حصہ تھا۔
مذاکرات میں علاقائی اور عالمی سیکیورٹی چیلنجز پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے مختلف مسائل کا احاطہ کیا گیا۔ وفود نے خاص طور پر افغانستان اور دیگر غیر مستحکم علاقوں جیسے کہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے سیکیورٹی مضمرات پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں فریقین نے اقوام متحدہ اور گلوبل کاؤنٹر ٹیررازم فورم جیسے کثیرالجہتی فریم ورکس کے مابین بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مضبوط تعاون کی اہمیت پر زور دیا، جس کی شریک صدارت 2022 سے یورپی یونین کے پاس ہے۔
وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ مذاکرات میں عملی تعاون کی بہتری کے طریقہ کار کا بھی جائزہ لیا گیا۔ڈائیلاگ میں دہشتگردی کی روک تھام، غیر ملکی جنگجووں کی بھرتی اور نقل و حرکت کو روکنے، آن لائن اور آف لائن انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے اور دہشت گردی کی فنڈنگ سے نمٹنے کے لیے کوششوں کو مربوط بنانا شامل تھا۔ ان شعبوں کو دہشت گردی کے پیش کردہ بدلتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اہم قرار دیا گیا۔
پاکستانی وفد کی قیادت وزارت خارجہ میں ڈائریکٹر جنرل برائے کاؤنٹر ٹیررازم عبدالحمید نے کی جبکہ یورپی یونین کے وفد کی قیادت یورپی ایکسٹرنل ایکشن سروس میں سیکیورٹی اور دفاعی پالیسی کے ڈائریکٹر میکئی سٹیڈجیک نے کی۔
ملاقات کا اختتام دونوں فریقین کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی مضبوط شراکت داری جاری رکھنے کے عزم کی تجدید پر ہوا۔
حالیہ دنوں میں برطانیہ اور ترکی کے ساتھ بھی اسی طرح کے ڈائیلاگ کا انعقاد ہو چکا ہے۔