خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں مقامی امن لشکر کے ایک کمانڈر کے دفتر پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں سات افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ ایک شخص زخمی ہوا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق یہ واقعہ تھانہ ہوید کی حدود میں واقع علاقے درے دڑیز میں پیش آیا۔ مسلح حملہ آوروں نے امن لشکر کے کمانڈر قاری جلیل کو نشانہ بنایا۔
حملے کے فوری بعد علاقے میں حالات کشیدہ ہو گئے اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں اسامہ، کامران، محمد نیاز، ولی اللہ، سفیان، نعمان اور صفیان شامل ہیں۔
محمد نامی شخص اس حملے میں زخمی ہوا جسے طبی امداد کے لیے منتقل کر دیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے دعوں کے مطابق یہ حملہ کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے عسکریت پسندوں نے کیا ہے۔ اس واقعے کے بعد علاقے میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش اور بڑھ گئی ہے۔