خیبرپختونخوا کے جنوبی ضلع لکی مروت میں جاری چار روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران ایک نجی ویکسینیٹر کو مبینہ طور پر مسلح افراد نے اغواء کر لیا جس کے بعد ضلعی انتظامیہ نے فوری طور پر پولیو مہم روکنے کا حکم جاری کر دیا۔ حیران کن طور پر مغوی کو ضلعی انتظامیہ کے حرکت میں آنے سے قبل ہی مسلح افراد نے رضاکارانہ طور پر رہا کر دیا۔
محکمہ انسداد پولیو کے مطابق یہ واقعہ منگل کی صبح یونین کونسل عیسک خیل میں پیش آیا جہاں بچوں کو قطرے پلانے والی ایک ٹیم کو مبینہ طور پر مقامی طالبان نے نشانہ بنایا۔ مسلح افراد نے صابر نامی ویکسینیٹر کو اغواء کر لیا جبکہ پولیو ٹیم میں شامل رضاکار واجد کو چھوڑ دیا گیا۔
واقعہ کی اطلاع فوری طور پر مقامی انتظامیہ کو دی گئی اور یونین کونسل پولیو ایریڈیکیشن کمیٹی کی سفارش پر ضلع بھر میں پولیو مہم کو فوری طور پر روک دیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ نے صورتحال پر قابو پانے کے لیے پوری طرح حرکت میں آنا شروع ہی کیا تھا کہ کچھ دیر بعد مغوی ویکسینیٹر صابر کو مسلح افراد نے رضاکارانہ طور پر رہا کر دیا۔
انسداد پولیو مہم لکی مروت کے ایک مقامی ذمہ دار نے اس واقعہ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں یہ واقعہ کسی ذاتی نوعیت کی کارروائی معلوم ہوتا ہے، تاہم فی الحال کچھ بھی حتمی طور پر نہیں کہا جا سکتا۔
ضلع لکی مروت میں چار روزہ انسداد پولیو مہم 20 اکتوبر سے شروع ہے جو 23 اکتوبر تک جاری رہے گی۔ اس مہم کے دوران ضلع کی 40 یونین کونسلز میں پانچ سال سے کم عمر کے 171,627 بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنے کے لیے حفاظتی قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
اس قومی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام انتظامات مکمل کیے گئے تھے اور 1,020 تربیت یافتہ پولیو ورکرز پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں جن میں 929 موبائل ٹیمیں، 52 فکسڈ ٹیمیں، 30 ٹرانزٹ ٹیمیں اور 9 روئنگ ٹیمیں شامل تھیں۔ مہم کی موثر نگرانی کے لیے 46 یونین کونسل چیئرپرسنز اور 261 ایریا انچارجز کو بھی تعینات کیا گیا تھا۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب ملک بھر میں پولیو کیسز کی تعداد میں تشویشناک اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں رواں سال 18 اکتوبر 2025 تک پولیو کیسز کی کل تعداد 30 تک پہنچ گئی ہے۔
نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد میں قائم ریجنل ریفرنس لیبارٹری کی رپورٹ کے مطابق:
- رواں سال سب سے زیادہ 19 کیسز خیبرپختونخوا سے رپورٹ ہوئے۔
- 09 کیسز سندھ سے سامنے آئے۔
- پنجاب اور گلگت بلتستان سے ایک ایک کیس رپورٹ ہوا۔
خیبرپختونخوا میں پولیو کیسز میں لکی مروت سے 4 شمالی وزیرستان سے 4 ٹانک سے 4 بنوں سے 3 تورغر سے 2 جبکہ لوئر کوہستان اور ڈیرہ اسماعیل خان سے ایک ایک مثبت پولیو کیس رپورٹ ہوا ہے۔ لکی مروت میں چار کیسز کی تصدیق پولیو کے حوالے سے علاقے کی حساسیت کو اجاگر کرتی ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے مغوی کی بحفاظت رہائی کے بعد مہم کو جلد از جلد دوبارہ شروع کرنے کے لیے مشاورت کا عمل شروع کر دیا ہے