جنوبی وزیرستان میں نامعلوم افراد نے آرمی ڈمپر گاڑی کو آگ لگا دی


ضلع جنوبی وزیرستان اپر کے علاقے مکین کوٹ اڈنہ میں نامعلوم افراد نے آرمی کا سامان لے جانے والے ایک ڈمپر ٹرک کو آگ لگا کر گہری کھائی میں دھکیل دیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق یہ واقعہ اچانک پیش آیا اور حملہ آور کارروائی کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔


واقعے کے باعث علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر پہنچ گئے اور صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔


آخری اطلاعات کے مطابق، مقامی سیکیورٹی فورسز نے لدھا مارکیٹ میں ایک سخت اقدام اٹھایا ہے اور دکانداروں سمیت عام شہریوں سے قومی شناختی کارڈ جمع کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ اس تفتیش کا مقصد یہ جانچنا ہے کہ آیا کسی عام شخص کا اس دہشت گردی کے واقعے سے کوئی تعلق تو نہیں۔


واضح رہے کہ جنوبی وزیرستان میں اس نوعیت کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے قبل بھی ایسے کئی واقعات رونما ہوچکے ہیں اور ہر بار انتظامیہ کی جانب سے روایتی دعوے کیے جاتے رہے ہیں، مگر تاحال کوئی خاطر خواہ نتائج سامنے نہیں آ سکے ہیں۔ یہ واقعہ ایک بار پھر علاقے کی امن و امان کی صورتحال پر سوالیہ نشان کھڑا کرتا ہے۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں