انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے اتوار کو بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں متعدد کارروائیوں کے دوران 13 دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ 8 کو گرفتار کر لیا۔ یہ کارروائیاں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئیں اور ان میں دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ کر دیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مالاکنڈ میں پاک فوج نے پولیس، لیویز، سی ٹی ڈی اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر ایک مشترکہ آپریشن کیا۔ چار روز تک جاری رہنے والے اس آپریشن میں 9 دہشت گردوں کو ہلاک، 8 کو گرفتار اور 2 ٹھکانوں کو تباہ کیا گیا ہے۔
ایک اور کارروائی میں بلوچستان کے ضلع قلات میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کیے گئے آپریشن میں 4 دہشت گرد مارے گئے۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق "فتنہ الہند” سے تھا۔
کارروائیوں کے بعد علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز بھی کیے گئے۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔