پاکستان آرمی کا بلوچستان میں دہشت گردی میں ملوث ایک افغان شہری کو ہلاک کرنے کا دعوا ۔
آئی ایس پی آر نے اپنےبیان میں کہا ہے کہ افغان شہری کی شناخت محمد خان احمد خیل کے نام سے ہوئی ہے جس کا تعلق ضلع وزیخواہ صوبہ پکتیکا، افغانستان سے ہیں-
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ بلوچستان کے ضلع ژوب کے سرحدی علاقے سمبازہ میں دہشت گردی میں ملوث افغان شہری کی لاش افغانستان کے حوالے کردی گئی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ "ان کی لاش 20 جنوری کو ضروری قانونی کارروائیوں کے بعد افغانستان کے آئی اے جی حکام کے حوالے کر دی گئی۔”
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ واقعہ افغان شہریوں کا پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہونے کا واضح ثبوت ہے، توقع ہے افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرےگی اور اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونے دے گی۔
پاکستان نے بارہا افغانستان پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ پاکستان میں دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کو پناہ گاہ فراہم کر رہا ہے۔ دسمبر 2024 میں افغان حکام نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان کے اندر فضائی حملے کیے جس سے متعدد شہری ہلاک ہوئے۔ تاہم پاکستانی حکام نے باضابطہ طور پر ان دعووں کی تصدیق یا انکار نہیں کیا۔