پاکستان اور بھارت نے 30 مئی تک اپنی افواج کو امن کی پوزیشنوں پر واپس بلانے پر اتفاق کر لیا ہے۔
خبر رساں ادارے جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق اس پیشرفت کی تصدیق شناخت نہ ظاہر کرنے کی شرط پر پاکستانی ملٹری کے ایک ذمہ دار اہلکار نے کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق فوجیوں کا انخلا بین الاقوامی سرحد اور لائن آف کنٹرول دونوں پر لاگو ہوگا۔
بھارت کی جانب سے پاکستان پر پہلگام حملے کی منصوبہ بندی کا الزام لگانے کے بعد دونوں اطراف نے سرحد پر اپنی تعیناتیاں بڑھا دی تھیں۔ پاکستان نے اس دعوے کی سختی سے اور بارہا تردید کی ہے۔
یاد رہے اس واقعہ میں 26 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
بھارت کی جانب سے کئی پاکستانی شہروں پر میزائل حملوں اور ڈرون حملوں کے بعد، پاکستان نے 26 بھارتی فوجی اہداف پر میزائل حملوں سے جوابی کارروائی کی اور کم از کم چھ بھارتی طیارے بھی مار گرائے تھے۔
تاہم، امریکہ نے سعودی عرب اور ترکیہ کی سفارتی حمایت سے جنگ بندی کرائی ہیں۔
تناؤ برقرار رہنے کے باوجود، جنگ بندی برقرار رہی ہے۔ پاکستانی حکام نے اعادہ کیا ہے کہ وہ جنگ بندی پر قائم رہیں گے لیکن بھارت کی جانب سے کسی بھی جارحیت کا سخت جواب دیا جائے گا۔