شمالی اور جنوبی وزیرستان میں امن و استحکام کی کوششیں تیز، مقامی عمائدین کا بھرپور تعاون کی یقین دہانی

خیبر پختونخواہ کے اضلاع شمالی اور جنوبی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں قیام امن، دہشت گردی کے خاتمے اور ترقی و خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے مقامی یونٹ کمانڈرز اور بریگیڈ کمانڈرز نے قبائلی عمائدین اور مشران سے اہم ملاقاتیں اور جرگے منعقد کیے۔ ان ملاقاتوں میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں تعاون اور علاقائی ترقی کے منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی کے علاقے جھالر فورٹ میں مقامی یونٹ کمانڈر نے علی خیل، شامی خیل اور ذاکر خیل گاؤں کے عمائدین سے ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات میں فریقین نے علاقے میں امن برقرار رکھنے کے لیے باہمی تعاون کو فروغ دینے، نوجوانوں کو منفی پروپیگنڈے سے دور رکھنے اور مشکوک سرگرمیوں یا دہشت گردوں کی موجودگی کی بروقت اطلاع دینے پر اتفاق کیا۔ اس کے علاوہ، علاقے کی ترقی و خوشحالی میں مقامی عمائدین اور نوجوانوں کے کردار پر بھی بات چیت کی گئی۔

شمالی وزیرستان کے تحصیل دتہ خیل کے علاقے بویا میں مقامی یونٹ کمانڈر اور تقریباً 17 مشران کے درمیان ایک اہم جرگہ ہوا۔ جرگے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے عمائدین کے کردار پر زور دیا گیا، جبکہ اسلحے کی غیر ضروری نمائش کی روک تھام اور باہمی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مؤثر تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے دہشت گردوں کے سہولت کاروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کے سلسلے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔

اسی طرح دتہ خیل کے علاقے سرلا میں مقامی یونٹ کمانڈر نے سیتارہ دربالی گاؤں کے ملک اور مشران سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں امن و امان کے قیام، سیکیورٹی انتظامات کو مزید بہتر بنانے اور دہشت گردوں کو آبادی والے علاقوں سے دور رکھنے کے لیے اقدامات پر بات کی گئی۔ تعلیم کی اہمیت اور اس کے معیار کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ علاقے کی ترقی کے لیے مشترکہ کوششیں کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

ضلع جنوبی وزیرستان کے تحصیل سروکائی میں مقامی بریگیڈ کمانڈر نے جلال خیل قبیلے کے ملک و مشران کے ساتھ ایک جرگہ منعقد کیا۔ جرگے میں خطے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال، مقامی لوگوں کو درپیش مسائل کے حل اور امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ بریگیڈ کمانڈر نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ شرپسند عناصر کو کسی قسم کی سہولت فراہم نہ کریں اور ریاستی اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ قائم رکھیں۔ قبائلی عمائدین نے ریاستی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے مکمل تعاون اور امن قائم رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں