وزیراعظم شہباز شریف کی محمد بن سلمان سے اہم ملاقات، تجارت اور سیکیورٹی پر بات چیت

| شائع شدہ |11:52

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جدہ میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان (ایم بی ایس) سے ایک اہم ملاقات کی ہے- اس ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور سیکورٹی کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

سعودی ولی عہد سے اس ملاقات میں پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور پنجاب کی وزیراعلی مریم نواز بھی شریک تھے۔ اس ملاقات کے دوران اہم معاہدوں پر اتفاق ہوا۔ 

دونوں رہنماؤں نے اسلام آباد اور ریاض کے درمیان فوجی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے اہم شعبوں میں سعودی عرب کی جانب سے سرمایہ کاری بڑھانے کے عزم کی تعریف کی اور دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی معاشی شراکت داری کو سراہا۔ 

شہباز شریف نے ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر لکھا کہ ‘ہم نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور سیکورٹی کے شعبوں میں پاکستانی-سعودی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر انتہائی مفید گفتگو کی۔’

شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی برادری کی قابل قدر خدمات کو تسلیم کیا۔ دونوں رہنماؤں نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی بہبود کو بہتر بنانے، عوام کے درمیان رابطوں، ثقافتی تبادلوں اور تعلیمی تعاون کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔ 

وزیراعظم شہباز شریف کا چار روزہ سرکاری دورہ (19 تا 22 مارچ) شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر ہے اور اس کا مقصد دوطرفہ تعلقات اور معاشی تعاون کو مزید تقویت دینی  ہے۔ اس دورے میں جدہ کے علاوہ مکہ اور مدینہ کے دورے بھی شامل ہیں۔ 

یہ میٹنگ پچھلے معاملات پر مبنی بات چیت کی ایک کڑی ہے جس میں وزیراعظم شہباز شریف کا اکتوبر 2024 میں فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو کے لیے سعودی عرب کا دورہ اور تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لیے 2 ارب ڈالر سے زائد کے معاہدوں پر دستخط شامل ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس تعلق کو ‘پائیدار دوستی’ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ‘باہمی فائدے پر مبنی معاشی شراکت داری’ کی طرف جا رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں