آرمی چیف کا دورہ قلات ، دہشت گردوں کا قلع قمہ کرنے کا فیصلہ

| شائع شدہ |19:40

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ہفتے کے روز بلوچستان کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے حالیہ  دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور کوئٹہ کے سی ایم ایچ ہسپتال میں زخمیوں  سے ملاقات کی اور ان کی عیادت کی ۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق آرمی چیف کو بلوچستان کے گورنر اور وزیر اعلیٰ سمیت سینئر افسران نے سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی۔

آرمی چیف نے اس موقع پر حملے کے ذمہ داروں کو سخت پیغام دیا۔ جنرل منیر نے کہا کہ جو لوگ اپنے غیر ملکی آقاؤں کے کہنے پر  دہشت گردی کر رہے ہیں، وہ دوہرے معیار کے ماہر ہیں۔ عاصم منیر نے کہا کہ یہ دشمن جو دوست کا لبادہ اوڑھ کر کچھ بھی کریں انہیں ہم بخوبی پہچانتے ہیں۔ انہوں نے ان دہشت گردوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری قوم اور مسلح افواج کے عزم کے سامنے تمہاری شکست یقینی ہے۔ اپنے وطن اور عوام کے تحفظ کی خاطر ہم اس کا  جواب ضرور دیں گے اور تم کہیں بھی چھپے ہو ، ہم ڈھونڈ کے ماریں گے۔

جنرل منیر نے دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں  فوج، فرنٹیئر کور اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور جوانوں کی بہادری کی تعریف کی۔

آرمی چیف نے زخمی فوجیوں سے ملاقات کے دوران کہا کہ میں اپنے بہادر افسران اور جوانوں کے حوصلے اور عزم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ ملک کے دفاع کے لیے ان کا غیر متزلزل عزم واقعی قابل تعریف ہے۔

آرمی چیف نے بلوچستان میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے صوبائی حکومت کی کوششوں میں فوج کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔ جنرل منیر کا یہ دورہ اس وقت ہوا جب ضلع قلات میں دہشت گرد حملے میں 18 فوجی شہید ہو گئے تھے۔ جوابی کارروائیوں میں سیکیورٹی فورسز نے قلات اور ہرنائی میں 23 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں