بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے پاکستان کے ساتھ جاری کشیدگی کے باعث ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے تمام ایونٹس سے دستبرداری کا اعلان کر دیا ہے۔
بھارتی خبر رساں ادارے انڈین ایکسپریس کی رپورٹس کے مطابق اس فیصلے سے سری لنکا میں ہونے والا ویمنز ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ اور ستمبر میں ہونے والا مینز ایشیا کپ دونوں متاثر ہوں گے۔
بی سی سی آئی کے ایک ذرائع نے بتایا ہےکہ یہ فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کی اے سی سی کے صدر کی حیثیت سے تقرری کے نتیجے میں کیا گیا ہے اور ان کا دعویٰ ہے کہ بھارت پاکستانی قیادت میں منعقد ہونے والے ٹورنامنٹس میں شرکت نہیں کر سکتا۔ رپورٹس میں یہ بھی تسلیم کیا گیا ہے کہ بی سی سی آئی کی دستبرداری ایشیا کپ کی بقا پر نمایاں اثر ڈال سکتی ہے کیونکہ بہت سے بین الاقوامی کرکٹ اسپانسرز بھارتی ہیں۔
بی سی سی آئی نے مبینہ طور پر اپنے فیصلے سے اے سی سی کو آگاہ کر دیا ہے اور یہ بھی اشارہ دیا ہے کہ مستقبل میں اے سی سی ایونٹس میں شرکت بھی غیر یقینی ہے۔
یہ اقدام بھارت اور پاکستان کے کرکٹ بورڈز کے درمیان کشیدہ تعلقات میں تازہ ترین اضافہ ہے جو ماضی کے واقعات کی عکاسی کرتا ہے۔ 2023 کے ایشیا کپ کے لیے بھارت کے پاکستان کے دورے سے انکار کے بعد ایک ہائبرڈ ماڈل اپنایا گیا تھا اور 2023 میں بھارت نے پاکستان آنے سے انکار کے بعد آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے میچز ایک غیر جانبدار مقام پر کھیلے گئے جبکہ پاکستان اصل میزبان تھا۔ اس ماہ کے شروع میں بھارت کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے پاکستان کے ساتھ تمام کرکٹ تعلقات مکمل طور پر معطل کرنے کی وکالت کی تھی۔