خیبر پختو نخوا کے ضلع کوہاٹ کے علاقہ بازی خیل درہ آدم خیل میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا جہاں کوئلے کی کان میں پھنسے ایک شخص کو بچانے کی کوشش میں ریسکیو 1122 کے دو بہادر اہلکار جامِ شہادت نوش کر گئے۔
تفصیلات کے مطابق، ریسکیو 1122 کنٹرول روم کو کوہاٹ کے بازی خیل درہ آدم خیل میں ایک کوئلہ کان کنی کی ایمرجنسی کی اطلاع موصول ہوئی کہ ایک شخص کان کے اندر پھنس گیا ہے۔
اطلاع ملتے ہی، ریسکیو 1122 کے اہلکار روح الامین اور صلاح الدین فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے۔ انسانی جان بچانے کے جذبے کے تحت، دونوں اہلکار اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر متاثرہ شخص کو محفوظ نکالنے کے لیے کان میں اتر گئے۔
تاہم، امدادی کارروائی کے دوران ایک افسوسناک موڑ آیا جب دونوں بہادر اہلکار بھی کان میں پھنس گئے اور بالآخر ملک و قوم کی خدمت میں اپنی جان قربان کرتے ہوئے شہید ہو گئے۔ ان اہلکاروں نے فرض کی ادائیگی میں بے مثال جرات اور قربانی کا مظاہرہ کیا۔