وزیر خارجہ کا آئندہ ہفتے دورہ امریکہ: سلامتی کونسل کے اہم اجلاس کی صدارت کریں گے

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اگلے ہفتے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی پاکستان کی صدارت کے حصے کے طور پر اعلیٰ سطحی دستخطی تقریبات میں شرکت کے لیے امریکہ کا دورہ کریں گے۔

ہفتے کے روز اس دورے کے مطلق وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ

"نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نیویارک میں پاکستان کی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت کی اعلیٰ سطحی دستخطی تقریبات میں شرکت کے لیے اور واشنگٹن میں کچھ مصروفیات کے لیے اگلے ہفتے امریکہ کا دورہ کریں گے۔”

بیان میں مزید بتایا گیا کہ پاکستان سلامتی کونسل کی دستخطی تقریبات کے ایک حصے کے طور پر وزیر خارجہ "بین الاقوامی امن و سلامتی کو کثیرالجہتی اور تنازعات کے پرامن حل کے ذریعے فروغ دینے” ایک اعلیٰ سطحی کھلی بحث کی صدارت کریں گے۔ اس اعلیٰ سطحی بحث کا مقصد کثیرالجہتی کو مضبوط بنانے اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے سفارت کاری اور ثالثی کو بڑھانے کے طریقوں کو تلاش کرنا ہے۔

وزارت خارجہ کے مطابق اس نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ سلامتی کونسل کی "مشرق وسطیٰ بشمول مسئلہ فلسطین کی صورتحال” پر سہ ماہی کھلی بحث کی صدارت بھی کریں گے۔
نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی ایک اعلیٰ سطحی بریفنگ کی بھی صدارت کریں گے جو اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم کے درمیان تعاون کو بڑھانے پر مرکوز ہوگی۔ یہ اجلاس بین الاقوامی امن و سلامتی کے قیام کے لیے او آئی سی اور اقوام متحدہ کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے کی پاکستان کی کوششوں کا حصہ ہے۔

بیان کے مطابق فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت کے لیے پاکستان کے مضبوط عزم اور غیر متزلزل حمایت کا اظہار کرنے کے لیے نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ "مسئلہ فلسطین کے پرامن حل اور دو ریاستی حل کے نفاذ” پر ایک اعلیٰ سطحی کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔

وزارت خارجہ کے بیان میں مزید بتایا گیا کہ نیویارک میں قیام کے دوران، نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ کی اپنے ہم منصبوں کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کے سینئر حکام کے ساتھ بھی کئی دوطرفہ ملاقاتیں متوقع ہیں۔

نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ، سینیٹر محمد اسحاق ڈار کا نیویارک اور واشنگٹن کا دورہ کثیرالجہتی میدان میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار اور اہمیت کے ساتھ ساتھ امریکہ کے ساتھ اس کے وسیع تر کثیرالجہتی تعلقات کی مثال ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی مشرق وسطیٰ پر سہ ماہی بحث کے ساتھ ساتھ "مسئلہ فلسطین کے پرامن حل اور دو ریاستی حل کے نفاذ” پر بین الاقوامی کانفرنس میں پاکستان کی اعلیٰ سطحی شرکت فلسطینی مقصد کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم اور حمایت کا بھی ثبوت ہے۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں