ہنگو میں دہشتگردوں کے خلاف کاروائی: 9 دہشتگرد ہلاک،جبکہ ایک کرنل اور ڈی پی او سمیت 3 آفیسر زخمی

ہفتے کے روز خیبر پختنواہ کے ضلع ہنگو کے علاقے زرگری میں سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے خلاف ایک بڑا آپریشن شروع کیا جس کے دوران ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ہنگو خالد خان ، ایک کرنل اور ایس ایچ او تھانہ دوآبہ نبی خان سمیت چند اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق اس آپریشن میں نو دہشتگردوں ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق دہشتگردوں نے ہنگو کے علاقے شناوڑی زرگری میں ایک مسجد میں پناہ لے رکھی تھی جہاں سے انہوں نے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کر دی۔ ٹل سکاؤٹس، ایف سی، پولیس اور سی ٹی ڈی کے اہلکاروں نے بہادری سے بھرپور جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں فائرنگ کا شدید تبادلہ گزشتہ دو گھنٹوں سے جاری رہا۔

پولیس حکام نے بتایا ہے کہ آپریشن میں ڈی پی او ہنگو محمد خالد سمیت دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔

ضلع ہنگو کے علاقہ زرگری میں دہشتگردوں کے خلاف صبح سے جاری آپریشن کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا ہے۔ کوہاٹ کے آر پی او عباس مجید مروت کے مطابق اس آپریشن میں 9 دہشتگرد ہلاک اور 7 زخمی ہوئے ہیں۔

آپریشن کے دوران دہشتگردوں کی فائرنگ سے پاکستان آرمی کے ایک کرنل، ہنگو کے ڈی پی او خالد اور ایک پولیس ایس ایچ او زخمی ہوئے ہیں۔ تمام زخمی افسران کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

اس واقعہ پر انسپکٹر جنرل خیبر پختونخواہ پولیس نے میڈیا کو بتایا ہے کہ ڈی پی او کی جان خطرے سے باہر ہے اور دھشتگردوں کے خلاف کاروئیاں جاری رکھیں گے۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں