بنوں: تھانہ میریان پر عسکریت پسندوں کا کواڈ کاپٹر ڈرون سے ایک اور حملہ

خیبر پختنخواہ کے ضلع بنوں میں گزشتہ ایک مہینے کے دوران پولیس تھانوں پر ڈرون (کواڈ کاپٹر) حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آ یا ہے۔ تازہ ترین واقعے میں ہفتے کے روز تھانہ میریان کو عسکریت پسندوں نے ایک بار پھر کواڈ کاپٹر کے ذریعے نشانہ بنایا ہے۔ تاہم پولیس کی بروقت کارروائی سے ایک بڑا نقصان ٹل گیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق کواڈ کاپٹر سے تھانے پر بارودی مواد کا گولہ پھینکا گیا لیکن پولیس اہلکاروں نے فوری ردعمل دیتے ہوئے بارودی مواد کو فضا میں ہی ناکارہ بنا دیا ہے۔ اس حملے میں کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

واضح رہے کہ یہ ایک ہی تھانے پر مسلسل دوسرا ڈرون حملہ ہے۔ گزشتہ روز بھی اسی تھانے پر عسکریت پسندوں نے ڈرون سے حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے۔

بنوں میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران پولیس تنصیبات پر یہ پانچواں ڈرون حملہ ہے جس سے پولیس اہلکاروں کی جان و مال کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے اور پولیس تنصیبات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ ان پے در پے حملوں کے بعد سیکیورٹی اداروں نے شہر میں الرٹ جاری کر دیا ہے اور ڈرون حملوں سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی پر غور کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں