ٹرمپ کا دعویٰ: پاک بھارت کشیدگی میں پانچ جیٹ طیارے مار گرائے گئے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعہ کو دعویٰ کیا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ جھڑپوں کے دوران پانچ جیٹ طیارے مار گرائے گئے ہیں۔ ریپبلکن قانون سازوں کے ساتھ وائٹ ہاؤس کے عشائیے کے دوران دیے گئے اس بیان میں مزید کوئی تفصیل نہیں بتائی گئی۔

ٹرمپ نے کہا کہ "درحقیقت، طیارے فضا سے گرائے جا رہے تھے۔ پانچ، پانچ، چار یا پانچ، لیکن میرے خیال میں دراصل پانچ جیٹ طیارے مار گرائے گئے۔”

یہ تنازعہ جو بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں اپریل کے ایک عسکریت پسند حملے کے بعد شروع ہوا تھا، 7 مئی کو نمایاں طور پر بڑھ گیا۔ بھارتی جیٹ طیاروں نے پاکستان میں متعدد مقامات پر بمباری کی جس کے نتیجے میں لڑاکا طیاروں، میزائلوں، ڈرونز اور توپ خانے کا شدید تبادلہ ہوا۔ کئی دنوں تک جاری رہنے والی اس لڑائی کے نتیجے میں درجنوں ہلاکتیں ہوئیں قبل ازیں 10 مئی کو امریکہ کی جزوی ثالثی سے جنگ بندی نافذ کی گئی۔

پاکستان نے چھ بھارتی طیارے مار گرانے کی ذمہ داری قبول کی جبکہ ایک اعلیٰ بھارتی جنرل نے بعد میں بتایا کہ بھارت نے ابتدائی نقصانات کے بعد اپنی حکمت عملی کو تبدیل کیا اور جنگ بندی سے قبل فائدہ حاصل کیا۔

ٹرمپ نے جنگ بندی کا بارہا سہرا اپنے سر لیا ہے جس کو بھارت مسترد کرتے ہوئے یہ موقف دیتے ہیں کہ تنازعے کا حل دونوں ممالک کے درمیان براہ راست اور بیرونی مداخلت کے بغیر ہوا ہے۔ بھارت کے مؤقف کے باوجود، امریکی صدر صورتحال کو کم کرنے میں اپنے کردار پر زور دیتے رہتے ہیں۔

بھارتی غیر قانونی زیرقبضہ جموں کشمیر میں اپریل کے حملے میں 26 افراد ہلاک ہوئے تھے، جس نے جوہری ہتھیاروں سے لیس پڑوسیوں کے درمیان کشیدگی کو نمایاں طور پر بڑھا دیا تھا۔ نئی دہلی نے اس حملے کا الزام پاکستان پر عائد کیا تھا جس کو پاکستان نے سختی سے مسترد کرتے ہوئے ایک آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں