جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کیے گئے آپریشن میں 30 دہشت گرد ہلاک کر دیئے ہیں۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ منگل کو یہ آپریشن جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغہ میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے پر مؤثر انداز میں کارروائی کی، جس کے نتیجے میں 30 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
بیان میں یہ بھی بتایا گیا کہ علاقے میں سینیٹائزیشن آپریشنز بھی کیے گئے تاکہ کوئی دہشت گرد باقی نہ رہے۔
کچھ دن قبل خیبر پختونخوا کے دومختلف ضلعوں میں آپریشنز کے دوران فورسز نے 13 دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی جانب سے مقرر کردہ ‘شیڈو گورنر’ ثاقب گنڈاپور بھی شامل تھا۔ گزشتہ سال وزارت داخلہ نے ٹی ٹی پی دہشت گردوں کو فتنہ الخوارج کہنے کی ہدایت جاری کی تھی کیونکہ ان کے مطابق یہ گروہ دہشت گردی کے لیے اسلام کا غلط استعمال کر رہا ہے۔