نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پیر کے روز امریکہ کے شہر نیویارک میں سمندر پار پاکستانیوں کے ایک اجتماع سے خطاب میں ملک کی دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں اور معاشی ترقی میں ہونے والی پیش رفت پر بات چیت کی ہے۔
وزیرخارجہ کے دورے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایک اعلی سطحی اجلاس میں شرکت اور اسلامی مملک کے تنظیم کے سفیروں کو بریفنگز شامل ہیں۔ اس دورے میں پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف جنگ اور مستحکم سرمایہ کاری کے ماحول کو فروغ دینے کے عزم کو اجاگر کیا جائے گا۔
سینیٹر ڈار نے دہشت گردی کے خلاف اقدامات میں نمایاں پیش رفت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس پیش رفت کو ایک محفوظ اور کاروبار دوست ماحول سے جوڑا ہے۔ڈار نے ترسیلات زر، برآمدات اور مجموعی معاشی کارکردگی میں بہتری کو پاکستان میں جاری اصلاحات کی دلیل کے طور پر پیش کیا۔
وزیر خارجہ نے اس موقع پر ملک کی معیشت کو مضبوط بنانے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے کئی معاشی اقدامات کی تفصیلات پیش کیں۔ انہوں نے خاص طور پر پاکستان سنگل ونڈو کا ذکر کیا جو تجارت کو آسان بنانے اور علاقائی معاشی نمو کو فروغ دینے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے- انہوں نے خصوصی سرمایہ کاری کونسل (ایس آئی ایف سی) کو سرمایہ کاری اور سلامتی کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم پلیٹفارم کے طور پر سراہا۔
اس تقریب میں پاکستان کے اقوام متحدہ میں مستقل مندوب سفیر منیر اکرم، ایڈیشنل مندوب عاصم افتخار، امریکہ میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ، اور نیویارک میں قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی بھی موجود تھے۔ یہ تقریب سینیٹر ڈار اور پاکستانی کمیونٹی کے درمیان بات چیت کے رابطہ کا ایک پلیٹ فارم تھا۔
وزیر خارجہ نے قومی ترقی میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے اہم کردار کا اعتراف کیا اور انہیں ملک کی معاشی ترقی اور بین الاقوامی حیثیت میں اپنا کردار ادا کرنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے کمیونٹی کو یقین دلایا کہ حکومت ان کے مسائل کو حل کرنے اور پاکستان کی ترقی کے کوششوں میں ان کی زیادہ سے زیادہ شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ اجلاس کا اختتام سوال و جواب کے سیشن کے ساتھ ہوا۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس جس کا عنوان "ملٹی لیٹرل ازم (کثیرالجہتی): عالمی حکمرانی میں اصلاحات اور بہتری” ہے چین کی طرف سے بلایا گیا ہے جو اس وقت کونسل کی صدارتی ذمہ داری سنبھال رہا ہے۔ اس اجلاس کی صدارت چینی وزیر خارجہ وانگ یی کریں گے اور یہ منگل کو ہوگا۔
وزارت خارجہ کے ایک بیان کے مطابق وزیرخارجہ اس اجلاس کے دوران ملٹی لیٹرل ازم (کثیرالجہتی) کے اصولوں اور بین الاقوامی امن، سلامتی اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے میں اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کے ساتھ پاکستان کی مضبوط وابستگی کی تصدیق کریں گے۔