جنوبی وزیرستان میں پولیس کی کارروائیوں میں تیزی، اہلکاروں کو چوکس رہنے کی سخت ہدایات

خیبر پختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں حالیہ سیکیورٹی صورتحال اور ابھرتے ہوئے خطرات کے پیشِ نظر لوئر جنوبی وزیرستان میں پولیس نے سرچ اور سٹرائیک آپریشنز میں تیزی کر دی ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق ضلعی پولیس آفیسر (DPO) محمد طاہر شاہ وزیر نے پیر کے روز مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور جاری آپریشنز کی افادیت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے یونٹس، چیک پوسٹس اور پولیس تنصیبات پر سیکیورٹی انتظامات کا معائنہ کیا اور فورس کی تیاری پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

پولیس اہلکاروں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈی پی او نے زور دیا کہ موجودہ سیکیورٹی ماحول ہر اہلکار سے انتہائی چوکسی کا تقاضا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معمولی غفلت بھی سنگین نتائج کا باعث بن سکتی ہے۔ انہوں نے پولیس لائنز، شولام، کے گردونواح، گلیوں اور تمام داخلی و خارجی راستوں کا بھی معائنہ کیا اور افسران کو مشکوک سرگرمیوں پر سخت نظر رکھنے کی ہدایت کی۔

ڈی پی او نے چیک پوسٹس اور دفتر میں نصب نگرانی کے نظام (Surveillance System) کا بھی جائزہ لیا اور عملے کو کیمروں کو ہر وقت فعال رکھنے اور کسی بھی غیر معمولی سرگرمی کی فوری اطلاع دینے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے اہلکاروں کو جامع اور موثر طریقے سے تمام گاڑیوں اور افراد کی چیکنگ یقینی بنانے کا حکم دیا اور ہنگامی صورتحال میں فوری اور مربوط کارروائی کے لیے تیار رہنے کی تاکید کی۔ ڈی پی او محمد طاہر شاہ وزیر نے کہا کہ ضلع میں دیرپا امن کے قیام کے لیے جدید ٹیکنالوجی، بہتر پولیسنگ حکمت عملی اور کمیونٹی تعاون ضروری ہیں۔ انہوں نے ضلع میں قانون کی بالادستی اور پائیدار امن کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے پولیس فورس کے عزم کا اعادہ کیا۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں