اسسٹنٹ کمشنر تمپ 3 ماہ بعد بازیاب، کوئٹہ پہنچ گئے

 بلوچستان کے علاقے تربت سے اغواء ہونے والے اسسٹنٹ کمشنر تمپ حنیف نورزئی کو تقریباً تین ماہ بعد بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا ہے۔ انہیں جمعرات کی شب ایک خصوصی طیارے کے ذریعے کوئٹہ پہنچا دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر بڑیچ نے اس بات کی تصدیق کی کہ اسسٹنٹ کمشنر حنیف نورزئی بدھ کی شب بحفاظت بازیاب ہوئے ہیں۔ بازیابی کے بعد انہیں کوئٹہ منتقل کیا گیا، جہاں وزیراعلیٰ بلوچستان کا خصوصی طیارہ انہیں لینے پہنچا تھا۔ اس موقع پر کمشنر مکران، ڈپٹی کمشنر کیچ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔

اسسٹنٹ کمشنر محمد حنیف نورزئی کو رواں سال 4 جون 2025 کو عید کی چھٹیاں منانے گھر آتے وقت نامعلوم مسلح افراد نے اغواء کیا تھا۔ اغواء کاروں نے ان کے ہمراہ موجود ان کی فیملی، ڈرائیور اور گن مین کو چھوڑ دیا تھا اور صرف انہیں ہی نشانہ بنایا تھا۔ اغواء کی ذمہ داری ایک کالعدم عسکریت پسند تنظیم نے قبول کی تھی۔

فی الحال ان کی بازیابی کی تفصیلات میڈیا سے شیئر نہیں کی گئی ہیں، تاہم ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ کاوشوں کو اس اہم کامیابی کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں