انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے آر ٹی عربی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک پرتشدد ملک نہیں ہے اور ہمارے ملک کی اولین ترجیح امن ہے، انہوں نے یہ بات پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ پرتشدد جھڑپوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکہ جیسی باشعور طاقتیں پاکستانی عوام کے جذبے کو سمجھتی ہیں۔
پی ٹی وی نیوز نے فوجی ترجمان کے حوالے سے کہا کہ "ہم امن اور استحکام چاہتے ہیں، اس لیے ہم نے جنگ بندی کے معاملے پر کہا، کیوں نہیں؟”
انہوں نے انٹرویو میں سفارت کاروں اور دفتر خارجہ کی کوششوں کو بھی سراہا۔
پی ٹی وی نیوز کے ذریعے رپورٹ ہونے والی اپنی گفتگو کے دوران، لیفٹیننٹ جنرل چوہدری نے اس بات پر زور دیا کہ پاک بھارت کشیدگی کو سمجھنے کے لیے "اس کے پس منظر کا جائزہ لینا ضروری ہے”۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے فوج کے اس موقف کو دہرایا کہ بھارت اس خطے بالخصوص پاکستان میں دہشت گردی کی سرپرستی کر رہا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل چوہدری نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، "پاکستان میں جاری دہشت گردی کا اصل اسپانسر بھارت ہے، خواہ وہ خوارج ہوں یا بلوچستان میں سرگرم دہشت گرد گروپ”۔