کرک کے دور دراز پہاڑی مقام کوہ میدان میں عرصہ سے تحریک طالبان پاکستان کے کیمپ قائم تھے۔ جس پر کرک پولیس نے شدت پسندوں کے خلاف گزشتہ روز آپریشن کا آغاز کیا تھا جو آج مکمل کرلیا گیا ہے۔
ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر کرک فضل اکبر کے مطابق ضلع کرک کے دشوار گزار پہاڑی مقام کوہ میدان میں شدت پسندوں کے خلاف پولیس کا آپریشن مکمل ہوگیا ہے۔ آپریشن میں پولیس کو مقامی افراد کا بھی تعاون حاصل رہا ہے۔
عوامی لشکر نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد تحریک طالبان کے گروپوں کو علاقہ سے باہر نکال دیا ہے۔ ٹی ٹی پی نے کوہ میدان کو اپنا بیس کیمپ بنایا ہوا تھا جس کو پولیس اور مقامی افراد کے لشکر نے مشترکہ کاروائی کے بعد علاقے کو کلیئر کردیا۔ آپریشن تین روز جاری رہنے کے بعد مکمل ہوا ہے۔
علاقہ کلیئر ہونے کی خوشی میں پولیس اور مقامی افراد نے روایتی رقص خٹک ڈانس سے جشن منایا ہے۔
آپریشن مکمل کرنے کے بعد پولیس خیر خیریت سے واپس آگئی ہے جبکہ ٹی ٹی پی کا کوہ میدان بیس کیمپ ختم کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ٹی ٹی پی اس بیس کیمپ سے پنجاب کے ضلع میانوالی، اور خیبرپختونخواہ کے اضلاع کرک اور لکی مروت میں کاروائیاں کرتے تھے۔
اس آپریشن میں کرک، لکی مروت اور میانوالی (پنجاب) پولیس نے مشترکہ طور پر حصہ لیا ہے۔ جبکہ تینوں اضلاع سے جدید مواصلاتی نظام سے بھی استفادہ کیا گیا ہے۔